واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ان ممالک پر ٹیرف عائد کر سکتے ہیں جو امریکہ کے گرین لینڈ کو ’’حاصل کرنے‘‘ کے منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اگر ممالک گرین لینڈ کے معاملے میں ہمارا ساتھ نہیں دیتے تو میں ان پر ٹیرف لگا سکتا ہوں کیونکہ ہمیں قومی سلامتی کے لئے گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
گرین لینڈ سلطنت ڈنمارک کے اندر ایک خودمختار حکومت رکھتا ہے جبکہ اس کے دفاع اور خارجہ پالیسی کے اختیارات کوپن ہیگن کے پاس ہیں۔ امریکہ اس جزیرے پر ایک فوجی اڈہ بھی رکھتا ہے۔ 2025 میں دوبارہ وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد سے ٹرمپ نے کسی بھی ذریعے سے گرین لینڈ کے ’’حصول‘‘ کی اپنی شدید خواہش کا بارہا اظہار کیا ہے۔
امریکہ، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد گرین لینڈ کے مستقبل کے حوالے سے ایک ’’بنیادی اختلاف‘‘ برقرار ہے۔




