سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران را ایجنٹ سمیت 49 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔
ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر رواں ماہ اب تک لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں 6ہزار 131کومبنگ آپریشنز کیے گئے، اس دوران 599مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2لاکھ 43ہزار 546افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
حکام کے مطابق رواں ہفتے کے دوران کئے گئے آپریشنز میں را ایجنٹ سمیت 49 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے گرفتار ہونیوالے را ایجنٹ مجتبیٰ کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ، اہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے ہیں جبکہ دیگر گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔




