امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ نئی معیشت کا راستہ تعاون، اشتراک و ہم آہنگی سے ہو کر گزرتا ہے، پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں، کرپٹو کرنسی شعبے میں امریکہ کیساتھ باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کا خواہاں ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے صدارتی کونسل برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹرک وٹ سے واشنگٹن میں ملاقات کی جس میں نئی معیشت، ڈیجیٹل فنانس اور بلاک چین کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی سفیر نے ڈیجیٹل فنانس اور بلاک چین انقلاب کو منظم کرنے بارے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائدانہ کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں، کرپٹو کرنسی کے فروغ اور ان کیلئے قواعد و ضوابط کی تشکیل کے ضمن میں بڑے پیمانے پر پیشرفت ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام، ورچوئل اثاثہ جات آرڈیننس 2025ء کا اجرا، پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی تشکیل اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نئی پالیسی کا اطلاق، ڈیجیٹل اثاثہ جات کے حامل لاکھوں پاکستانی صارفین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع و مضبوط ادارہ جاتی فریم ورک متعارف کرانے کی عملی کوششوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی معیشت کا راستہ تعاون، اشتراک اور ہم آہنگی سے ہو کر گزرتا ہے جس کے ذریعے دونوں ممالک مشترکہ ترقی اور اختراع کو فروغ دے سکتے ہیں۔
رضوان سعید شیخ نے کہاکہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو کرنسی شعبے میں امریکہ کے ساتھ باہمی طور پر سودمند شراکت داری کا خواہاں ہے۔



