لاہور: رہنماء پی ٹی آئی یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت آرٹیکل 63 اے میں تبدیلیاں کرکے پارلیمنٹ کو مویشی منڈی بنانے کی خواہاں ہے، جس ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہو اس میں انصاف اور بنیادی حقوق کا تحفظ ناممکن ہے،قانون کی منظوری سے بادشاہت کا نظام قائم،عوامی نمائندوں، سیاسی جماعتوں کا کردار ختم ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت آرٹیکل 63 اے میں تبدیلیاں کرکے پارلیمنٹ کو مویشی منڈی بناناچاہتی ہے،یہ ترمیم کرکے پی ٹی آئی کیلئے جو گڑھے کھود رہے ہیں ان میں خود گریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملہ ان کا پرانا وطیرہ ہے، یہ آئین میں تبدیلیاں کرکے عدلیہ کی آزادی کو سلب،جمہوریت پر شب خون ماررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف آزاد عدلیہ پر حملہ کرکے اسے حکومت کے کنٹرول میں کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران آئین میں ترمیم کرکے فارم 47 کی حکومت کو طول دینا،ملک میں جمہوریت کا باب ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں،اگر قانون منظور ہوگیا تو ملک میں بادشاہت کا نظام قائم،عوامی نمائندوں، سیاسی جماعتوں کا کردار ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں آزاد عدلیہ نہ ہو اس ملک میں انصاف اور بنیادی حقوق کا تحفظ ناممکن ہے۔
