راولپنڈی/لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ: ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ(آج) منگل کو مذہبی عقیدت واحترام کیساتھ منائی جائے گی، تمام شہروں میں جلوس نکالے جائینگے جبکہ سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز ور محافل نعت کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں (آج) منگل کو عید میلاد النبیؐمذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائے گی،حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔دن کی مناسب سے ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جبکہ سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
آمد مصطفیؐکی خوشی میں ملک بھر میں گلی،محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، عاشقان رسولؐ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ملک بھر میں لنگر تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔دوسری جانب جشن عیدمیلاد النبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلسے، جلوسوں کی نگرانی کیلئے پولیس ودیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات رہے گی جبکہ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس نے بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
