آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹوکر نے ویانا میں وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا آسٹریا کی فیڈرل چانسلری آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا، تقریب کے آغاز پر پاکستان اور آسٹریا کے قومی ترانے بجائے گئے۔
آسٹرین چانسلر نے وزیراعظم پاکستان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور انکے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اس موقع پر آسٹرین مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو سلامی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹرین چانسلر کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
آسٹریا کے چانسلر نے کابینہ کے ارکان کا وزیراعظم شہباز شریف سے تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم نے اپنے وفد کے ارکان کا آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن سٹاکر سے متعارف کرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔
وزیراعظم شہباز شریف آسٹرین چانسلر کرسچئین سٹاکر سے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کرینگے۔
وزیراعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
شہباز شریف ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ کے موضوع پر خصوصی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کرینگے۔




