آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کے بعد ایشیز سیریز کے میچز کی سیکیورٹی بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایڈیلیڈ میں ہونیوالے تیسرے ٹیسٹ کیلئے سکیورٹی بڑھائی جائیگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام نے ایڈیلیڈ اوول کے باہر اضافی سکیورٹی کی تصدیق کی ہے اور اس حوالے سے سائوتھ آسٹریلیا پولیس کمشنر گرانٹ سٹیونز نے کہا ہے کہ سکیورٹی رسپانس سیکشن کو تعینات کیا جا رہا ہے جس میں پولیس افسران اعلی تربیت یافتہ ہوتے ہیں اور اضافی اسلحہ ہوتا ہے، رسپانس سیکشن چند برس قبل قائم کیا گیا جو پبلک مقامات پر فرائض انجام دیتا ہے، شائقین کی حفاظت کیلئے رسپانس سیکشن کو سٹیڈیم کے ارد گرد تعینات کیا جائیگا ۔



