چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور میانمار کے یونین وزیر برائے خارجہ امور یو تھان سوے چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے شہر آن ننگ میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
کونمنگ(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے یون نان صوبے کے شہر آن ننگ میں میانمار کے یونین وزیر برائے خارجہ امور یو تھان سوے سے ملاقات کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ اس سال چین اور میانمار کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ ہے اور دونوں فریقین کو اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے چین-میانمار برادری کو مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنے اپنے ترقی و احیا میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین میانمار کی حمایت کرتا ہے تاکہ وہ اپنے قومی حالات کے مطابق اور اپنے عوام کی حمایت کے ساتھ ترقی کے راستے پر گامزن ہو۔ چین خودمختاری، آزادی اور قومی اتحاد کے تحفظ میں بھی میانمار کی حمایت کرتاہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ میانمار چین کے افراد، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو سنجیدگی سے یقینی بنائے گا، سرحدی جرائم کے خلاف مزید کارروائی کرے گا اور دونوں ممالک کی سرحد پر امن و استحکام کو برقرار رکھے گا۔
میانمار کے یونین وزیر برائے خارجہ امور یو تھان سوے، جو 10 ویں لان کانگ-می کونگ تعاون (ایل ایم سی) وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لئے چین آئے ہیں، نے کہا کہ میانمار ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے، چین کے 3 عالمی اقدامات کی حمایت کرتا ہے اور چین کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ اس نے میانمار کی اقتصادی و سماجی ترقی اور قدرتی آفات کے بعد کی بحالی کے لئے گراں قدر مدد فراہم کی۔
