سری لنکا کےدارالحکومت کولمبو میں تعلیمی سال 2025-2026 کے لئے چینی حکومت کے سکالرشپ ایوارڈ کی تقریب کے شرکاء کاگروپ فوٹو ۔(شِنہوا)
کولمبو(شِنہوا)سری لنکا میں چینی سفارت خانے نے تعلیمی سال 2025-2026 کے لئے چینی حکومت کے سکالرشپ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں سری لنکا کے 30 طلبہ کو وظائف سے نوازا گیا ہے۔
سری لنکا کے نائب وزیر برائے تعلیم اور اعلیٰ تعلیم مدھورا سینی ویرتنے نے وظائف کے پروگراموں کے ذریعے سری لنکا کی تعلیمی ترقی کے لئے چینی حکومت کی مسلسل حمایت کی بہت تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے وظائف میں انجینئرنگ، طب اور زراعت سمیت مختلف شعبے شامل ہیں جو سری لنکا میں مختلف شعبوں میں مہارت کو پروان چڑھانے کے لئے اہم مدد فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین میں زیر تعلیم طلبہ اپنی تعلیم کو محنت سے جاری رکھیں گے اور واپسی پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لئے پل کا کردار ادا کریں گے۔
سری لنکا میں چین کے سفیر چھی ژین ہونگ نے وظائف حاصل کرنے والے طلبہ کو گرمجوشی سے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ترغیب دی کہ وہ اس موقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں، چین کی 5 ہزار سالہ تہذیب کو قریب سے سمجھیں، اپنے بین الاقوامی افق کو وسیع کریں اور اپنے علم کو سری لنکا کی ترقی کے لئے استعمال کریں، چین اور سری لنکا کے درمیان دوستی کے سفیر بن جائیں اور دوطرفہ تعلقات کا ایک نیا باب رقم کرنے میں معاونت کریں۔
