امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی بالکونی سے خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نیٹو کے ذریعے یوکرین کو ہتھیار بھیجے گا اور دھمکی دی کہ اگر 50 دنوں میں جنگ بندی کا معاہدہ نہ ہوا تو روس پر "سخت محصولات” لگائے جائیں گے۔
ٹرمپ نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے دوران کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم یوکرین ہتھیار بھیجنے والے ہیں اور وہ ان کی قیمت ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان ہتھیاروں کو امریکا میں تیار کیا جائے گا۔
روس کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر 50 دنوں میں معاہدہ نہ ہوا تو ہم بہت سخت محصولات لگانے والے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ "ثانوی محصولات” تقریباً 100 فیصد ہوں گے۔
واشنگٹن ٹائمز کے مطابق امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنِک نے بعد میں وضاحت کی کہ صدر ٹرمپ نے جب روس کے خلاف "ثانوی محصولات”کی بات تو ان کا مطلب "معاشی پابندیاں” تھا۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اوول آفس کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو اتحادیوں کے ساتھ معاہدہ مکمل طور پر طے پا چکا ہے۔
صدرٹرمپ نے کہا کہ ہم ان کو ہر قسم کے بہت سارے ہتھیار بھیجیں گے اور وہ ان ہتھیاروں کو فوراً جنگ کے مقام پر پہنچائیں گے اور وہ ان کی سو فیصد ادائیگی کریں گے۔
اے بی سی نیوز کے مطابق ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ کچھ پیٹریاٹ سسٹمز چند دنوں میں یوکرین پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن یورپی ممالک کے پاس پیٹریاٹ سسٹمز ہیں وہ انہیں یوکرین منتقل کریں گے اور یہ ہتھیار بہت جلد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
