واشنگٹن (شِنہوا) دی گارڈین نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2025 میں امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی حراست میں 32 ہلاکتیں ہوئیں، جو گزشتہ دو دہائیوں میں ہلاکتوں کی بلند ترین سطح ہے۔
دوران حراست ہلاک ہونے والے افراد میں حال ہی میں پناہ کی تلاش میں امریکہ آنے والے افراد اور وہ لوگ جو کئی سال سے یا بچپن سے امریکہ میں رہ رہے تھے، دونوں شامل ہیں۔ کچھ افراد کو فوجداری الزامات کے تحت یا سزا بھگتنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جبکہ دیگر افراد کو آئی سی ای کے وسیع پیمانے پر چھاپوں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ان افراد کی ہلاکتوں کی وجوہات میں مرگی کے دورے، دل کا فیل ہونا، فالج، سانس کی بندش، تپ دق اور خودکشی جیسے طبی مسائل شامل تھے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متعدد کیسز میں متاثرہ افراد کے خاندانوں اور وکلاء کا کہنا ہے کہ غفلت اور طبی سہولیات سے بار بار انکار بھی ہلاکتوں کی وجہ بنا۔
مقامی میڈیا نے آئی سی ای کی پریس ریلیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2026 کے پہلے چند دن کے دوران بھی زیر حراست متعدد افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔




