راولپنڈی میں رواں سال کے دوران ڈکیتی اور قتل کے کیسز میں گزشتہ سالوں کی نسبت 52 فیصد اور اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے اس سلسلے میں راولپنڈی پولیس نے رواں سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق چوری کے مقدمات میں 34 فیصد، گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 54 فیصد اور موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات میں 33 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی، راولپنڈی میں رواں سال کے دوران گاڑیاں اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں بالترتیب 45 فیصد اور 8 فیصد کمی دیکھی کی گئی ہے جبکہ عدالتوں سے قتل کے 55 مقدمات میں 81 ملزمان کو سزائیں بھی ہوئیں اس کے علاوہ ون فائیو ڈیٹا کے مطابق جرائم سے متعلق موصول ہونیوالی کالز میں 28 فیصد کمی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال مختلف جرائم میں ملوث 452 گینگز کے ایک ہزار 121 ملزمان کو گرفتار کر کے 44 کروڑ روپے، 89 گاڑیاں اور 1492 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے منشیات کیخلاف مختلف کارروائیوں میں 2 ہزار 417 منشیات فروش گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 65 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں جبکہ عدالتوں سے 219 منشیات فروشوں کو سزائیں ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق ناجائز اسلحہ کے 1472 مقدمات میں 1514 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے 46 کلاشنکوف، 1395 پستول، 86 رائفلز اور ہزاروں گولیاں برآمد کی گئیں۔



