ملک میں رواں ماہ کی 18 تاریخ تک بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کیلئے ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے۔
قدرتی آفات سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق اٹھارہ اگست تک بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
13 سے 15 دسمبر کے دوران مغربی ہوائوں کا سلسلہ شمالی و مغربی پاکستان کے مختلف علاقوں میں اثر انداز ہوگا، ممکنہ موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے جبکہ برفباری کے باعث پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر اور بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
ایڈائزری کے مطابق کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی اور شمالی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور بونیر میں بارش و برفباری متوقع ہے۔



