وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ گٹکا کینسر کا باعث، جاننے کے باوجود استعمال جاری ہے، ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں میں صحت سہولت کی فراہمی جاری، حکومتی اقدامات سے پاکستان جلد بہترین ملک بنے گا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ملک میں ہر تیسرا آدمی ذیابیطس کا مریض ہے، ہاں حکومت کی غلطیاں ہیں، مگر کچھ کام ہمیں خود بھی کرنے ہیں، حکومت مفت ٹیکے لگا رہی ہے مگر ہم وہ بھی نہیں لگواتے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ گٹکے کھا رہے ہیں، انہیں معلوم ہے اس سے کینسر ہوتا ہے، یہ خود کو نقصان پہنچاتے ہیں پھر کہتے ہیں کہ ہمارا علاج نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں ایک صحت مند انسان رہنے کا حکم دیتا ہے، ہماری مشترکہ غلطی ہے کہ زہر بک رہا ہے تو ہم نہ خریدیں، جب حکومت گٹکے کو بند کرتی ہے تو زیادہ قیمتوں میں بکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ ہماری کوششوں سے پاکستان جلد بہترین ملک بنے گا، ہم ٹیلی میڈیسن سے صحت کی سہولت فراہم کررہے ہیں، یہ سہولت دور دراز علاقوں کیلئے ہی ہے، صوبائی معاملہ ہونے کے باعث ہم صحت کیلئے اس سے زیادہ کچھ کر نہیں سکتے۔




