محکمہ پنجاب وائلڈ لائف نے وائلڈ لائف انفارمر مہم کا آغاز کر دیا جس کے تحت غیر قانونی شکار کی اطلاع پر شہریوں کو لاکھوں روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف جانوروں و غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے انعامات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گریٹ انڈین بسٹرڈ کی اطلاع پر 1 لاکھ روپے، اڑیال اور ہرن کی غیر قانونی شکار کی نشاندہی پر 50 ہزار روپے، ہوبارا بسٹرڈ کیلئے 25 ہزار روپے، جال بچھانے، رات کے وقت تیتر کے غیر قانونی شکار، مور، بٹیر اور آبی پرندوں کے شکار کی اطلاع پر 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، علاوہ ازیں تیتر اور جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار کی نشاندہی پر 5 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
وائلڈلائف حکام کے مطابق شہریوں کی شمولیت کے بغیر غیر قانونی شکار کی روک تھام ممکن نہیں، عوام مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جنگلی حیات کے تحفظ میں کردار ادا کریں۔



