امریکہ، واشنگٹن ڈی سی کے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اضافی ٹیکس سے متعلق ایک انتظامی حکم نامہ دکھارہے ہیں۔ (شِنہوا)
واشنگٹن (شِنہوا) امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کی تازہ ترین ہدایات کے مطابق حکومت نے اسمارٹ فونز، کمپیوٹرزاوردیگر الیکٹرانک مصنوعات کو اضافی ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ استثنیٰ کا اطلاق 5 اپریل کے بعد امریکہ میں داخل ہونے والی الیکٹرانک مصنوعات پر ہوگا، درخواست پر پہلے سے ادا شدہ اضافی ٹیکس واپس کیا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا ایکس پر ایک مالیاتی نیوز لیٹر کوبیسی لیٹر کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس اقدامات میں ایک بہت بڑی واپسی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق اس تازہ ترین اعلان سے صارفین کو قیمتوں میں اضافے کے اچانک جھٹکے سے بچایا جاسکتا ہے جبکہ ایپل انکارپوریٹڈ اور سام سنگ الیکٹرانکس کمپنی سمیت الیکٹرانکس کی بڑی کمپنیوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
بڑے پیمانے اور غیرمتوقع ٹیکس اقدامات نے مالیاتی منڈیوں میں ہلچل مچادی ہے اور یہاں تک کہ سابق نائب صدر مائیک پینس سمیت ریپبلکن پارٹی کی اہم شخصیات نے بھی اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
