اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جاری کھاتوں کا خسارہ 2.10ارب ڈالر مثبت میں تبدیل ہوناملکی معیشت میں استحکام کا اشارہ، ترسیلات زر میں 7.5 فیصد اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا اظہار ہے، عالمی ادارے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھا رہے ہیں، امریکی ٹیرف کے آئندہ سالوں میں مثبت نتائج سامنے آئینگے، 2035 تک پاکستانی راکٹ چاند پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
ماہانہ ترقیاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا کہ 2025ء میں اقتصادی اشاریئے مثبت رہے ہیں، جولائی میں برآمدات میں 17فیصد اضافہ ہوا، جاری کھاتوں کا خسارہ 2ارب 10کروڑ ڈالر مثبت رہا،جولائی میں ترسیلات زر ساڑھے 7فیصد اضافے سے 3ارب 20کروڑ ڈالر رہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ترقی کاسفر لمبا ہے مگر تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افراط زر نیچے آچکا ہے، گزشتہ مالی سال ترقیاتی بجٹ کی مد میں 1068ارب روپے خرچ کئے گئے ۔ انہوںنے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کی شرح کو بریک لگ رہی ہے، جولائی میں مہنگائی 4.1فیصد پر آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی شعبے کا ڈیجیٹل سینسس کیا گیا ہے، ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ بھی لانچ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2035ء تک پاکستانی راکٹ کو چاند پر بھیجنے کا پلان ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کیلئے عالمی حالات بہت سازگار ہیں، عالمی ادارے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھا رہے ہیں، امریکہ سے ٹیرف طے کئے ہیں، آنیوالے سالوں میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری امریکی ٹیرف سے کس قدر فائدہ اٹھا سکتی ہے یہ انہی پر منحصر ہے۔
