چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے یان تائی نرسز اسکول میں نرسنگ کی طالبات کو نرسوں کی ٹوپیاں پہنائی جارہی ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کی 7 نرسوں کو صحت کی نگہداشت میں ان کی خدمات کے اعتراف کے حوالے سے نرسنگ پیشہ ور عملے کے اعلیٰ ترین عالمی اعزازات میں سے ایک فلورنس نائٹ اینگل میڈل سے نوازا گیا ہے۔
رواں سال 17 ممالک کی 35 نرسوں کو یہ اعزاز ملا جس میں تعداد کے اعتبار سے چین سرفہرست ہے۔ یہ اعلان نرسوں کے عالمی دن پر کیا گیا جو 12 مئی کو منایا گیا۔
ریڈ کراس کی عالمی کمیٹی کے مطابق اعزازات حاصل کرنے والی چینی نرسوں میں ووہان میں ایڈز کلینیکل ٹریننگ سینٹر کی ایک نرس، ہانگ کانگ ریڈ کراس کی ایک سینئر طبی رضاکار اور ایک فوجی اسپتال میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی نرس شامل ہے۔
فلورنس نائٹ اینگل میڈل ایک عالمی اعزاز ہے جو دنیا بھر میں غیر معمولی کارکردگی کی حامل نرسوں کو دیا جاتا ہے۔ چین 1983 سے انتخاب میں شامل ہوا اور اب تک 97 چینی نرسیں یہ اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔
