بنگلہ دیش ، ڈھاکہ میں گرمی کی لہر کے دوران ایک لڑکا پانی میں چھلانگ لگارہا ہے۔(شِنہوا)
ڈھاکہ (شِنہوا) بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی اور درخت گرنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں بیشتر کا تعلق بنگلہ دیش کے 6 اضلاع سے تھا جو طوفان کے دوران کھیتوں میں کام کررہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روز ڈھاکہ سے تقریباً 122 کلومیٹر شمال میں ضلع میمان سنگھ میں 2 الگ الگ مقامات پر تیزہوا کے بعد درخت گرنے سے 2 متاثرین دب گئے اور ان کی موت ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق ضلع برہمن باڑہ کے مختلف علاقوں میں 5، ضلع کشور گنج میں 4 اور شیرپور، ہابی گنج اور نوگاؤں اضلاع میں ایک ایک شخص کی موت کی اطلاع ملی ہے۔
ڈھاکہ میں ایک سرکاری عہدیدار نے فوری طور پر ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔ بنگلہ دیش میں سال کے اس وقت میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات عام ہیں کیونکہ خشک موسم اب برسات کے موسم میں تبدیل ہورہا ہے۔
رواں سال 24 اپریل کو بنگلہ دیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
