کمبوڈیا کے صوبے سیم ریپ میں سیاح انگ کور آثار قدیمہ پارک کا دورہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
نوم پنہ (شِنہوا) کمبوڈیا کے معروف انگ کور آثار قدیمہ پارک میں 2025 کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران چینی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری ملکیتی انگ کور انٹرپرائز کی پیر کے روز جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے اپریل کے دوران مجموعی طور پر 36 ہزار368 چینی سیاحوں نے انگ کور کا دورہ کیا جو گزشتہ برس کی اسی مدت کے 28 ہزار172 کے مقابلے میں 29 فیصد زائد ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چین، امریکہ، فرانس اور برطانیہ کے بعد انگ کور میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کا چوتھا بڑا ذریعہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں 171 ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 4لاکھ 74ہزار810 غیر ملکیوں نے اس قدیم پارک میں تفریح کی جس سے ٹکٹوں کی فروخت سے 2کروڑ22لاکھ امریکی ڈالر کی مجموعی آمدنی ہوئی۔
رائل یونیورسٹی آف نوم پنہ کے انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اسٹڈیز اینڈ پبلک پالیسی کے ایک لیکچرر تھونگ مینگ ڈیوڈ نے کہاہے کہ 2025 کو کمبوڈیا-چین سیاحتی سال قرار دیئے جانے کے ساتھ انگ کور آثار قدیمہ کے پارک میں چینی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔
انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ اس اضافے کی ممکنہ وجہ بہتر دوطرفہ تعاون، تشہیری مہم اور براہ راست پروازیں اور گروپ سیاحت کے پیکجز کے ذریعے زیادہ رسائی ہے۔
