چین کے وسطی صوبے ہونان کے شہر چھانگ دے کے سیاحتی مقام لیویے جھیل پر ایکس پھینگ کی اڑنے والی گاڑی ایروٹ محو پرواز ہے-(شِنہوا)
راس الخیمہ، یواے ای(شِنہوا)چین کی اڑنے والی گاڑیوں کی کمپنی ایکس پھینگ ایروٹ کی تیار کردہ "لینڈ ایئرکرافٹ کیریئر” نامی اڑنے والی کار کو متحدہ عرب امارات (یواے ای) کی شمالی امارت راس الخیمہ میں خصوصی پرواز کا اجازت نامہ جاری کردیا گیا۔
اجازت نامے کی اس تقریب میں راس الخیمہ کے حکمران و سپریم کونسل یو اے ای کے رکن شیخ سعود بن صقر القسیمی، یواے ای میں چینی سفیر ژانگ یی مِنگ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ خصوصی اجازت نامہ ایکس پھینگ ایروٹ کے بانی ژاؤ ڈے لی کو پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا کھلا اور جدید ماحول اڑنے والی کاروں کی ٹیکنالوجی کو جانچنے کے لئے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ایکس پھینگ ایروٹ کے درمیان ایک تزویراتی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے تاکہ پرواز کی آزمائش کی تصدیق اور عملی منظرناموں میں تعاون کیا جا سکے اور سرکاری نقل وحمل، سیاحت اور ہنگامی امداد جیسے شعبوں میں اڑنے والی گاڑیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل البلوشی نے کہا کہ اڑنے والی چینی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کو اپنانا متحدہ عرب امارات کو عالمی سطح پر سمارٹ ٹرانسپورٹ اور کم کاربن سفری نظام کے میدان میں ایک نمایاں مقام دلانے میں مدد دے گا اور یہ پورے مشرق وسطیٰ کے لئے ایک مثال ثابت ہوگا۔
چین کے وسطی صوبے ہونان کے شہر چھانگ دے کے سیاحتی مقام لیویے جھیل پر ایکس پھینگ کی اڑنے والی گاڑی ایروٹ کھڑی ہے-(شِنہوا)
لینڈ ایئرکرافٹ کیریئر ایک مکمل برقی طیارہ ہے جس میں ایک ذہین بڑا ڈسپلے اور سنگل سٹک کنٹرول سسٹم نصب ہے۔ یہ خودکار اور دستی طور پر چلائی جاسکتی ہے۔ اس کا پرواز کنٹرول کرنے کا جدید نظام پرواز کی حفاظت کو بڑھاتا ہے اور اس کی کم شور اور ماحول دوست خصوصیات اسے شہری استعمال کے لئے موزوں بناتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کم بلندی کی معاشی ترقی کو فروغ دینے اور سمارٹ نقل وحمل کے شعبے میں عالمی کمپنیوں کو راغب کرنے کے لئے فعال پالیسیاں نافذ کر رہا ہے۔
