کراچی: معروف اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ میں اپنے بیٹوں پر کڑی نظر رکھتا ہوں، بچوں کو کوئی چیز دلوانا اور ان کے چہرے پر خوشی دیکھنا کوئی کامیابی نہیں بلکہ عارضی خوشی ہوتی ہے، بچوں کو ایسی تربیت نہیں کی جانی چاہیے کہ وہ چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لیے ضد کرنے لگیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک بیٹوں کو ذاتی موبائل فون نہیں دیا، فونز کے علاوہ ان کے پاس کچھ آلات ہیں ، بچوں کے لیے اچھا بیڈ روم بنوانا بھی مکمل ذمہ داری نہیں ہوتی بلکہ بچوں کے ساتھ وقت گزارنا، ان کے کاموں اور طرز زندگی پر نظر رکھنا اور پھر انہیں معاملات سے متعلق آگاہ کرنا اصل ذمہ داری ہوتی ہے۔
ان کے مطابق بچوں کے لیے یوٹیوب یا دوسری آن لائن سرگرمیوں کے لیے فون کے علاوہ دوسرے آلات بھی آتے ہیں اور انہیں محدود استعمال کے قابل بھی بنایا جا سکتا ہے، اس لیے والدین کم عمر بچوں کو ایسے آلات دیں۔
احسن خان نے کہا کہ وہ کسی کو قصور وار نہیں ٹھہرا رہے لیکن اگر والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں تو وہ انہیں محفوظ بنا سکتے ہیں۔
