قطر، دوحہ میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی چوتھی عرب ۔ ایران مکالمہ کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
دوحہ (شِنہوا) ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے عمان میں بالواسطہ مذاکرات کے چوتھے دور سے قبل کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں اپنے جوہری حقوق سے دستبردار نہں ہوگا۔
دوحہ میں چوتھی عرب ۔ ایران مکالمہ کانفرنس سے خطاب میں عراقچی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران ہمیشہ جوہری عدم پھیلاؤ کے لئے پرعزم رہا ہے اور یورینیم کی افزودگی سمیت جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق کو برقرار رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جوہری ہتھیاروں کے خواہش مند نہیں ہیں اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی ایران کے سلامتی سے متعلق نظریہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہی وجہ سے ہم مغربی ایشیائی خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے والوں میں شامل ہیں۔
عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران امریکہ کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے ساتھ نیک نیتی سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان مذاکرات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے تو یہ مکمل طور پر قابل قبول ہے اور اس پر ایک سمجھوتہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مقصد ایران کو اس کے جوہری حقوق سے محروم کرنا یا دیگر غیر حقیقی مطالبات مسلط کرنا ہے تو ایران اپنے کسی بھی حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
