چین کے جنوب مغربی صوبے یوننان کے شہر کونمنگ میں چائنہ انٹرنیٹ میڈیا فورم 2024 کا ایک منظر۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چائنہ سائبر سپیس انتظامیہ نے ملٹی چینل نیٹ ورک (ایم سی این) اداروں کے آپریشنز کو معیاری بنانے اور ان کے آن لائن مواد کی خدمات منظم کرنے کے لئے ضوابط کا ایک مسودہ جاری کردیا ہے جس کا مقصد صاف ستھرے آن لائن ماحول کا فروغ ہے۔
عوام کی رائے حاصل کرنے کے لئے شائع کردہ مسودے میں وضاحت کی گئی ہے کہ ایم سی این ادارے انٹرنیٹ مواد کے پلیٹ فارمز پر رجسٹرڈ ادارے ہیں جو انٹرنیٹ مواد تخلیق کرنے والوں کو منصوبہ بندی، تشہیر اور بروکریج جیسی خدمات فراہم کرتے ہیں۔
مجوزہ ضوابط ایم سی این اداروں کو افواہ سازی یا پھیلانے، گروہوں کے درمیان تصادم کو اکسانے، فحش مواد کے فروغ یا نابالغوں کی ذہنی و جسمانی صحت کو نقصان پہنچانے والے طریقوں سے فائدہ اٹھانے جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے یا سہولت فراہم کرنے سے روکتے ہیں۔
مسودے کے تحت غیر مجاز آن لائن نیوز سروسز اور دیگر غیرقانونی اقدامات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایم سی این اداروں کو کارکردگی یا پروگرام کی تیاری جیسی سرگرمیاں شروع کرنے سے قبل پیشہ ورانہ قابلیت یا خدمات کا اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ مواد کے پلیٹ فارم ایم سی این اداروں سے متعلق شکایات کے لئے مخصوص شعبہ شکایات قائم کریں گے اور عوامی خدشات کا فوری طور پر ازالہ کریں گے۔
عوام 9 فروری تک ضابطہ مسودہ پر اپنی رائے جمع کراسکتے ہیں۔
