چینی وزیرخارجہ وانگ یی مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں- (شِنہوا)
مالے(شِنہوا)مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی جس میں فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ ملاقات وانگ کے افریقہ سے واپسی پر مالدیپ میں قیام کے دوران ہوئی تھی۔
معیزو نے گزشتہ برس چین کے اپنے کامیاب سرکاری دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ افہام و تفہیم اور خلوص کابرتاؤ کیا ہے۔
مالدیپ کے صدر نے کہا کہ فریقین نے اعلیٰ سطح کےتبادلے برقرار رکھتے ہوئے مفید تعاون کیا ۔ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ مالدیپ کے لئے چین سیاحوں کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔
صدر نے کہا کہ مالدیپ ہمیشہ چین کا قریبی شراکت دار بننے، اپنی روایتی دوستی کو مستحکم کرنے، مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات میں زیادہ سے زیادہ پیشرفت کا خواہشمند ہے۔
معیزو نے مزید کہا کہ مالدیپ عالمی امن و استحکام کے تحفظ میں چینی قیادت کو سراہتا ہے اور عالمی وعلاقائی امور میں چین کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے کہ تاکہ مشترکہ طور پر عالمی شفافیت اور انصاف کو تحفظ دیا جاسکے۔
اس موقع پر چینی وزیرخارجہ وانگ نے کہا کہ معیزو کا چین کا کامیاب سرکاری دورہ چین- مالدیپ تعلقات میں ایک اہم لمحہ ہے۔ گزشتہ برس کے دورے میں دونوں سربراہان مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کرنے اور مشترکہ مستقبل کے حامل چین- مالدیپ برادری کے قیام کا مشترکہ عزم ظاہر کیا جس سے دوطرفہ تعلقات کے وسیع امکانات پیدا ہوئے۔
وانگ نے کہا کہ چین- مالدیپ تعاون نے بڑے اور چھوٹے ممالک کے درمیان باہمی احترام، مساوی سلوک اور مشترکہ ترقی کی ایک اچھی مثال قائم کی ہے۔ چین مالدیپ کے صدر اور حکومت کی تعریف کرتا ہے کہ انہوں نے چین کے ساتھ دوستانہ پالیسی پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ایک چین کے اصول کی پاسداری کی۔
چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ کی طرح قومی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ اور اس کے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے کو فعال طریقے سے تلاش کرنے میں مالدیپ کی حمایت کرے گا۔
