جامعہ کراچی میں پوائنٹ بس کی زد میں آکر سیکنڈ ایئر کی طالبہ جاں بحق ہوگئی، پولیس نے غفلت پر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ طالبہ کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق طالبہ بس سے اتر رہی تھی کہ اسی دوران بس ریورس کرنے کے دوران انیقہ سعید زد میں آ گئی اور موقع ہی پر دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد جامعہ میں سوگ کی فضاء پھیل گئی ،طلباء کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔
طلبہ نے حادثے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کیلئے جامعہ کے اندر ٹریفک کنٹرول کے موثر انتظامات کئے جائیں، مظاہرین نے کہا کہ یونیورسٹی میں ٹریفک کے حوالے سے کوئی واضح نظام موجود ہے، نہ ہی سپیڈ بریکرز یا سائن بورڈز نصب کئے گئے ہیں جس سے طلباء کی جانیں خطرے میں ہیں۔
انہوں نے جاں بحق طالبہ کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پرپہنچ گئے اور بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ جاں بحق طالبہ کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے لاش کی فوری حوالگی کا مطالبہ کردیا ۔
