اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینعمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سمیت فریقین سے مذاکرات سے انکار

عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سمیت فریقین سے مذاکرات سے انکار

راولپنڈی:  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی بھی فریق سے مذاکرات کیلئے دروازے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں دھوکہ دیا ہے، دنیا میں کہیں کسی جلسے کا ٹائم مقرر نہیں کیا جاتا،جلسہ کیا ہوٹل کی تقریب تھی جو وقت پر ختم ہو جاتا؟،21 ستمبر کو لاہور جلسہ ہر صورت کریں گے،قوم جمہوریت،قانون کی بالادستی کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کرے،علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی،ساتھ کھڑا ہوں، بیان پر معافی مانگنے والا بزدل،پارٹی چھوڑ دے۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں دھوکہ دیا ہے،ساری پارٹی کو ہدایت ہے کہ اب اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ملک کی خاطر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی حالانکہ جلسے کیلئے ہمارے قافلے نکل چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 8ستمبر کے جلسے کی تاریخ بھی اسٹیبلشمنٹ نے دی تھی جس کیلئے این او سی بھی دیا گیا مگر 8ستمبر کے جلسے میں بھی ہمیں دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یحییٰ خان نے عوامی لیگ اور مجیب الرحمن کو بھی اسی طرح دھوکہ دیا تھا، مجیب الرحمن سے ایک طرف بات کر رہے تھے تو دوسری طرف ان کیخلاف آپریشن کا پلان بنا رہے تھے،ہمارے ساتھ بھی 9مئی کو یہی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ان کی پہلے سے تیاری تھی اسی لئے 10 ہزار لوگوں کو 24 گھنٹے میں اٹھا لیا گیا، 9مئی کی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگ نہیں ہیں یہ سی سی ٹی وی فوٹیجز ان کے پاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی کسی جلسے کا ٹائم مقرر نہیں کیا جاتا جلسہ کیا ہوٹل کی تقریب تھی جو وقت پر ختم ہو جاتا؟۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی رہنماؤں کو بات چیت کی اجازت دے رکھی تھی اعظم سواتی انہی کا تو پیغام لے کر آیا تھا، میری جانب سے 5،6لوگ ان سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کبھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے مگر آج اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی بھی فریق سے مذاکرات کیلئے دروازے بند کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اجازت دی جائے یا نہ دی جائے ہم 21 ستمبر کو لاہور کا جلسہ ہر صورت کریں گے،آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے،قوم کو کہتا ہوں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کرے،کوئی جیل بھرنے سے نہ گھبرائے،جیل کا خوف دل سے نکال دیں،میں بھی 14 ماہ سے اسی لئے جیل میں ہوں،قوم نے قربانی نہ دی تو کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت غیر اعلانیہ مارشل لاء ہے، اعلی عدلیہ سے درخواست ہے کہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کیلئے پیکیج لایا جا رہا ہے، میں مانتا ہی نہیں کہ انہوں نے توسیع لینے سے انکار کر دیا ہے،یہ قانون سازی ہو ہی انہیں لانے کیلئے رہی ہے،یہ جانتے ہیں کہ قاضی گیا تو الیکشن کی دھاندلی کھل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو کل رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا، ایک صوبے کے وزیراعلی کو اٹھا کر آپ نفرتیں بڑھا رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلی کے ساتھ ایسا کر کے ملک کو تباہی کی جانب لے جا یا جارہا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے کون سی بغاوت کی ہے؟ علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی،میں علی امین کے ساتھ کھڑا ہوں،ان کے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے اسے پارٹی میں نہیں ہونا چاہئے وہ پارٹی چھوڑ دے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف قتل کا اوپن ٹرائل کر لیں سب سامنے آجائے گا، فیصل واوڈا کن کا ماؤتھ پیس ہے سب کو پتا ہے، وہ جنرل فیصل نصیر سے ملاقات کروانے کیلئے میرے پیچھے پیچھے پھرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل کا علم نہیں،ملک کو جمہوریت اور قانون کی بالادستی ہی بچا سکتی ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!