نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں یمن کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس کا منظر-(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)چینی مندوب نے یمن کے حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے بند کریں۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ چین بحیرہ احمر میں 2کارگو جہازوں پر حالیہ مسلح حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ چین حوثیوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق بحیرہ احمر میں تمام ممالک کے تجارتی جہازوں کے نیویگیشن حقوق کا احترام کریں، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے سے باز رہیں اور بحیرہ احمر میں آبی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
گینگ شوانگ نے سلامتی کونسل میں کہا کہ چین کو حوثیوں اور اسرائیل کے درمیان فائرنگ کے نئے تبادلے اور بگڑتے ہوئے حالات پر تشویش ہے۔ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحمل اور حوصلے کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کریں۔
گینگ نے یمن کے تنازع میں شامل تمام فریقوں سے کہا کہ وہ سیاسی ارادہ ظاہر کریں، بات چیت اور رابطہ مضبوط کریں، آہستہ آہستہ باہمی اعتماد قائم کریں اور یمن کے مسئلے کے آخری سیاسی حل کے لئے سازگار ماحول پیدا کریں۔
چینی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ یمن میں انسانی امداد میں اضافہ کریں اور وہاں موجود انسانی بحران کم کرنے میں مدد کریں۔
گینگ نے کہا کہ یمن اور بحیرہ احمر کے مسائل کا حل خطے میں مجموعی صورت حال میں نرمی اور کشیدگی میں کمی کے بغیر ممکن نہیں۔ گینگ نے کہا کہ غزہ کی جنگ جلد ختم ہونی چاہیے۔ غزہ میں انسانی المیہ جلد ختم اور دو ریاستی حل جلد نافذ ہونا چاہیے۔
