جمعہ, اگست 29, 2025
انٹرنیشنلامریکہ کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور اتوار کو عمان میں ہوگا،...

امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور اتوار کو عمان میں ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ کی تصدیق

چینی وزیر خارجہ وانگ یی بیجنگ میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)

تہران(شِنہوا)ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کا اگلا دور اتوار کو عمان میں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے مذاکرات کے آغاز کے وقت کا اعلان عمانی فریق کی جانب  سےکیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد کے دورے کے موقع پر روزنامہ شہرآرا کو دئیے گئے انٹرویو میں تہران کے جوہری پروگرام اور واشنگٹن کی پابندیاں ہٹانے سے متعلق امریکہ کے ساتھ عمانی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں کہی۔

عراقچی نے کہا کہ ہمارے عمانی دوستوں نے ہم سے اتوار کو اگلی ملاقات کے لئے رائے مانگی اور ہم نے اپنی رضامندی ظاہر کی۔ بظاہر وہ دوسرے فریق سے بھی بات کر چکے ہیں اور اب تک کی اطلاع کے مطابق مذاکرات اتوار کو ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اگرچہ مذاکرات میں ایران کا موقف اصولی اور غیر متزلزل ہے لیکن امریکی فریق کی جانب سے متضاد پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنے "واضح” موقف پر قائم رہے گا۔

عراقچی نے یہ بھی بتایا کہ وہ ہفتے کو سعودی عرب اور قطر کا دورہ کریں گےجہاں وہ علاقائی امور اور ایران-امریکہ بالواسطہ مذاکرات پر مشاورت کریں گے جبکہ دوحہ میں ایران-عرب عالمی  بات چیت سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

ایران اور امریکہ کے وفود اب تک 3 مراحل میں بالواسطہ مذاکرات  کر چکے ہیں۔ پہلا اور تیسرا دور 12 اور 26 اپریل کو مسقط میں ہوا جبکہ دوسرا دور 19 اپریل کو روم میں ہوا۔ چوتھا دور 3 مئی کو روم میں ہونا تھاتاہم اسے عمان کی جانب سے "لاجسٹک وجوہات” کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!