جمعہ, اکتوبر 10, 2025
تازہ ترینبغیر ویزا پالیسیوں سے تعطیلات کے دوران چین میں غیرملکی سیاحوں کی...

بغیر ویزا پالیسیوں سے تعطیلات کے دوران چین میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ

چین میں ویزا سہولتی پالیسیوں اور ثقافتی و سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے قومی دن اور وسط خزاں تہوار کی آٹھ روزہ تعطیلات کے دوران غیر ملکی سیاحت میں نمایاں اضافہ ہوا-(شِنہوا)

بیجنگ/گوانگ ژو(شِنہوا)چین میں قومی دن اور وسط خزاں تہوار کی آٹھ روزہ تعطیلات کے دوران غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جسے آسان ویزا پالیسیوں اور ثقافتی و سیاحتی سرگرمیوں سے تقویت ملی۔

بیجنگ کے ثقافت و سیاحت کے ادارے کے مطابق شہر نے تعطیلات کے دوران 2 کروڑ 50 لاکھ سیاحوں کا خیرمقدم کیا، جس سے 31.65 ارب یوآن (تقریباً 4.45 ارب امریکی ڈالر) کی سیاحتی آمدنی ہوئی۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ سال کی نسبت بالترتیب 3.6 فیصد اور4.7 فیصد زیادہ ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ بیجنگ نے تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار غیر ملکی سیاحوں کا خیرمقدم کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 48 فیصد زیادہ ہیں۔ ان غیر ملکی سیاحوں نے کل 1.23 ارب یوآن خرچ کئے جو سالانہ بنیاد پر 54.1 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

غیر ملکی سیاحوں میں مقبول مقامات میں بیجنگ یونیورسل ریزارٹ، پیلس میوزیم، عظیم دیوار کے موتیان یو اور بادالنگ سیکشنز اور مشہور تجارتی اضلاع جیسے سان لی تون اور وانگ فو جنگ شامل تھے۔ تعطیلات کے دوران شہر کے ڈیوٹی فری سٹورز کی فروخت 2 کروڑ 20 لاکھ یوآن سے تجاوز کر گئی جو پچھلے سال کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔

غیر ملکی سیاحوں نے چھٹیوں کے دوران مختلف ثقافتی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ صرف بیجنگ میں ہی 4200 سے زائد ثقافتی و سیاحتی تقریبات اور تقریباً 100 خصوصی سیاحتی روٹس ترتیب دیئے گئے، جن میں عظیم دیوار، عظیم نہر اور شہر کے مرکزی محور جیسے متنوع موضوعات شامل تھے۔ یہ سرگرمیاں شہریوں اور سیاحوں دونوں میں خاصی مقبول رہیں۔

چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ، جو ایک اہم معاشی مرکز ہے، میں بھی بغیر ویزا پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں خاصا اضافہ ہوا۔

گوانگ ژو بائیون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بدھ کی دوپہر تک چین میں آنے اور جانے والے مسافروں کی کل تعداد 3لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سال کی نسبت 13فیصد زیادہ ہے۔

روسی مسافر اینا ایوانووا نےصوبائی دارالحکومت گوانگ ژو پہنچنے پر امیگریشن کے تیز عمل پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاز سے اترنے سے لے کر امیگریشن کلیئر کرنے تک مجھے صرف 20 منٹ لگے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ویزا پالیسی کی وجہ سے چین آنا اب بہت آسان ہو گیا ہے۔

چین کے امیگریشن کے عمل میں تیزی کی وجہ روسی شہریوں کے لئے بغیر ویزا پالیسی ہے، جو 15 ستمبر سے نافذ ہوئی۔ اس کے بعد سے اب تک 4800 سے زائد روسی مسافر گوانگ ژو بائیون ہوائی اڈے کے ذریعے بغیر ویزا چین میں داخل ہوچکے ہیں جو اس دوران وہاں آنے والے تمام روسی مسافروں کا 66 فیصد بنتے ہیں۔

چینی قومی امیگریشن انتظامیہ (این آئی اے) کے مطابق اب 76 ممالک کے سیاح یکطرفہ یا باہمی بغیر ویزا داخلے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور 55 ممالک کے شہری کسی تیسرے ملک کا سفر کرتے ہوئے 10 دن تک بغیر ویزا کے چین میں مختصر قیام کر سکتے ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!