چینی کوسٹ گارڈ کا بحری جہاز چین کے ہوانگ یان ڈاؤ اور ملحقہ علاقائی پانیوں میں گشت کررہا ہے- (شِنہوا)
بیجنگ(شنہوا)چین نے ذاتی مفادات کی خاطر جنوبی بحیرہ چین میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے بیرونی قوتوں سے گٹھ جوڑ کرنے پر فلپائن پر تنقید کی ہے۔
چینی وزارت دفاع کے ترجمان جیانگ بن نے ایک پریس کانفرنس میں جنوبی بحیرہ چین میں ہوانگ یان ڈاؤ کے قریب فلپائن اور بھارت کے حالیہ مشترکہ بحری مشقوں کے حوالے سے فلپائنی مسلح افواج کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کیا۔
جیانگ نے کہا کہ ہم جنوبی بحیرہ چین کے معاملے کو بہانہ بنا کر کشیدگی پیدا کرنے کی شدید مخالفت کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ متعلقہ ممالک کے درمیان عسکری تعاون میں کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے اور نہ ہی علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہیے۔
انہوں نے فلپائن پر زور دیا کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ مل کر جنوبی بحیرہ چین میں خلل پیدا کرنے کی سازش بند کرے اور مسائل کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کے راستے پر واپس آئے۔
