چین کے شمالی صوبے ہیبے کے شہر تھانگ شان میں ولیس پوسٹ میں ایک رضاکار ہوم ورک میں بچوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) وزارت عوامی تحفظ نے کہا ہے کہ چین کے عوامی تحفظ حکام نے کم عمر بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کی غرض سے ہوٹل انتظامیہ کے لئے چیک ان کی شرائط پر عملدرآمد میں اہم پیشرفت کی ہے۔
ہوٹل انتظامیہ کو بچوں کی اسمگلنگ جیسے جرائم کی روک تھام کے لئے نابالغان کی شناخت کی تصدیق کرنے، سرپرست سے متعلق پوچھ گچھ کرنے اور بچوں کی اسمگلنگ جیسے جرائم کو روکنے کے لئے کم عمر بچوں کو جگہ دیتے وقت ساتھ آنے والے افراد کی تفصیلات درکار ہوں گی۔
وزارت کے مطابق 2024 کے دوران ملک بھر میں ہوٹلوں میں 4 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچوں نے چیک ان کیا اور عوامی تحفظ حکام نے مشکوک سرگرمیوں پر 5 لاکھ 22 ہزار معاملات کی چھان بین کی۔
وزارت نے ہوٹل کے استقبالیہ پر نابالغان کی معلومات کی جانچ پڑتال سے متعلق کئی کیسز کو عام کیا ہے۔ ستمبر 2024 میں شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ میں 3 بالغ افراد نے نے ایک نوزائیدہ بچے کے ساتھ چیک ان کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بچے کی درست شناخت بتانے میں ناکام رہے۔
ہوٹل عملے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور بعد میں ہونے والی تحقیقات سے پتہ چلا کہ بچہ اغوا شدہ تھا اور یوں بچوں کی اسمگلنگ سے متعلق ایک کیس حل ہوا۔
شنگھائی کے ایک ہوٹل میں جون 2024 کے ایک اور معاملے میں 2 کم عمر لڑکوں نے اپنے سرپرستوں کا رابطہ نمبر دینے سے انکار کیا جس پر ہوٹل عملے نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ بعد میں پتہ چلا کہ لڑکوں نے اپنے والدین کے ساتھ جھگڑے کے بعد گھر چھوڑ دیا تھا جس پر حکام نے ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا۔
