چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ عالمی روبوٹ کانفرنس 2024 میں ایک انسان نما روبوٹ خاتون پلک جھپکا رہی ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) بیجنگ 2025 عالمی روبوٹ کانفرنس(ڈبلیو آر سی) اور افتتاحی عالمی انسان نما روبوٹ کھیلوں (ڈبلیو ایچ آر جی) کی میزبانی کرے گا۔
منتظمین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈبلیو آر سی 8 سے 12 اگست تک منعقد ہوگی جس کے بعد ڈبلیو ایچ آر جی کا 15 سے 17 اگست تک انعقاد کیا جائے گا۔
اس میں روبوٹکس کے حوالے سے جدید ترین پیشرفت کا مظاہرہ اور عالمی صنعت میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق 2025 ڈبلیو آر سی میں فورمز، نمائشیں، مقابلے اور رابطوں کی تقریبات ہوں گی جس میں روبوٹس تیار کرنے والے تقریباً 200 ادارے اپنی جدید ترین ایجادات پیش کریں گے۔
چینی ادارہ برائے الیکٹرانکس کے نائب صدر اور سیکرٹری جنرل چھن ینگ نے اس تقریب کی توسیع شدہ عالمی تقریبات کواجاگر کیا ۔اس میں 30 سے زیادہ عالمی تنظیمیں ، 30 سے زائد معروف عالمی ماہرین اور 100 سے زیادہ بین الاقوامی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔ بین الاقوامی نمائش کنندگان مجموعی طور پر 20 فیصد سے زائد ہوں گے۔
ڈبلیو ایچ آر جی انسان نما روبوٹس کے لئے دنیا کے پہلے ملٹی اسپورٹس مقابلے ہیں جس میں ٹریک اینڈ فیلڈ ، فٹ بال ، رقص ، ہینڈلنگ مواد اور طبی چھانٹی میں روبوٹس کی ایتھلیٹک اور فنکشنل صلاحیتوں کو جانچا جائے گا۔
بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور باسکٹ بال جیسے ایونٹس تفریح اور لوگوں کے درمیان تعلق پر زور دیں گے۔
