منگل, اکتوبر 7, 2025
پاکستانموبائل فون سمز کی غیرقانونی فروحت کا کیس، لاہور ہائی کورٹ نے...

موبائل فون سمز کی غیرقانونی فروحت کا کیس، لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کا جواب مسترد کر دیا

لاہور ہائی کورٹ نے موبائل فون سمز کی غیرقانونی فروحت سے متعلق کیس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی( پی ٹی اے) کا جواب مسترد کر تے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے غیر قانونی سمز بیچنے والے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی سید وقار اور ڈائریکٹر حشمت کمال سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے، ڈی جی این سی سی آئی اے نے عدالت کو بتایاکہ ہم نے 58 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز برآمد کیں اس میں ملوث 183 افراد کو گرفتار کیا گیا اور مقدمات درج کیے گے۔

عدالت نے ڈی جی این سی سی آئی اے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے قرار دیاکہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود ملزمان کے خلاف کاروائیاں کیں، جسٹس علی ضیا باجوہ نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے حشمت کمال کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ حشمت آپ کا یہ سپیشل سبجیکٹ ہے آپ اس پر مزید ریسرچ کریں۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے پی ٹی اے کے وکیل سے استفسار کیاکہ کریمنل لوگوں کو آپ نے سمز دے دی ہیں کیا آپ نے کسی موبائل کمپنی کو شوکازنوٹس یا کوئی کارروائی نہیں کی، جسٹس علی ضیا باجوہ نے قرار دیاکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی غیر قانونی طریقے سے سمز کی فروحت کو روکنے میں ناکام ہو گئی۔ عدالت نے پی ٹی اے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا اور پی ٹی اے کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب بھی مسترد کر دیا۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے انکشاف کیاکہ بینظیر انکم سپورٹ فنڈز کے جعلی مسیج مجھے بھی موصول ہوئے، میرے سمیت متعدد لوگوں کو مسیج آتے ہیں کہ آپ بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ کے حقدار ہیں، پورے پاکستان کے لوگوں کے ایڈریس ڈارک ویب سائٹ پر پڑے ہیں۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی اے کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر حشمت کمال کو تفصیلی ریسرچ کے ساتھ آئندہ مزید تفصیلات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کردی، جسٹس علی ضیا باجوہ نے قرار دیاکہ اگر پی ٹی اے کا جواب آئندہ سماعت پر تسلی بخش نہ ہوا تو توہین عدالت کی کاروائی کریں گے اور چئیرمین پی ٹی اے کو طلب کیا جائے گا، عدالت نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!