ابو ظہبی: ایشیا کپ منگل کو ابو ظہبی میں شروع ہوگا ،متحدہ عرب امارات میں 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کا آغاز ابو ظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
روایتی حریف بھارت اور پاکستان 14 ستمبر کو دبئی میں ٹکرائیں گے، پاکستان کے عظیم بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔
ایشیا کی یہ دونوں بڑی کرکٹ ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں اور ایونٹ کے دوران 3 بار بھی ایک دوسرے سے کھیل سکتی ہیں، ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے 5 فل ممبرز افغانستان، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے خودکار طور پر کوالیفائی کیا ہے۔
ان کے ساتھ ہانگ کانگ، عمان اور یو اے ای شامل ہیں، جنہوں نے اے سی سی مینز پریمیئر کپ میں ٹاپ 3 میں جگہ بنا کر اپنی نشستیں حاصل کیں۔
گروپ اے میں بھارت، پاکستان، میزبان یو اے ای اور عمان شامل ہیں۔ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں، گروپ اسٹیج کے بعد سپر فور رانڈ کھیلا جائے گا اور پھر فائنل دبئی میں ہوگا۔
