بیجنگ: چین نے کینیڈا کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اسٹیل اور ایلومینیم کی چینی برآمدی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے منصوبے پر عالمی تجارتی تنظیم(ڈبلیو ٹی او) میں مشاورت کی درخواست دائر کی ہے۔
وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ٹی او کے وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، کینیڈا کا چینی ساختہ الیکٹرک گاڑیوں پر 100 فیصد اور اسٹیل اور ایلومینیم کی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیکس لگانے کا منصوبہ یکطرفہ اور تجارتی تحفظ پسندی کا اقدام ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کینیڈا کے اس اقدام سے قواعد پر مبنی کثیر الجہتی تجارتی نظام کو بری طرح نقصان پہنچے گا اور اس سے الیکٹرک گاڑیوں، اسٹیل اور ایلومینیم جیسی صنعتوں میں عالمی صنعتی سپلائی چین متاثر ہوگی جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق، کثیرالطرفہ تجارتی نظام کے حامی اور اہم شراکت دار کے طور پر، چین کینیڈا پر زور دیتا ہے کہ وہ ڈبلیو ٹی او قوانین کی پابندی کرے اور اپنے غلط اقدامات کو فوری طور پر واپس لے۔
