بیجنگ(شِنہوا)چین کی اعلیٰ عوامی عدالت (ایس پی سی) نے ہائی ٹیک کے اداروں کے درمیان غیر منصفانہ مسابقت اور اجارہ داری کے طریقوں کو بہتر طریقے سے باضابطہ بنانے کے بارے میں ایک عدالتی دستاویز جاری کی ہے، جس میں متعلقہ شعبوں میں استحصالی قیمتوں اور جبری بندش کے لئے سزا کا تعین کیا گیا ہے۔
اعلیٰ عوامی عدالت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقدامات میں منصفانہ مسابقت کو کمزور کرنے اور مارکیٹ کے نظام میں خلل ڈالنے والے دیگر طریقوں کے لئے سزا بھی رکھی گئی ہے، جن میں بڑے اعدادوشمار کی بنیاد پر قیمتوں میں امتیازی سلوک اور صارفین کو مسابقتی پلیٹ فارمز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور کرنا شامل ہے۔
عدالت کے بیان کے مطابق سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی کے تحفظ کے لئے اعلیٰ معیار کی عدالتی خدمات کے حوالے سے 98 اقدامات پر مبنی دستاویز کا مقصد پلیٹ فارم معیشت کو زیادہ کھلا، جدید اور بااختیار بنانے کی طرف رہنمائی کرنا اور ایک متحد قومی مارکیٹ کی تعمیر کو فروغ دینا ہے۔
تکنیکی جدیدیت سے متعلق اداروں کے لئے عدالتی تحفظ کو مضبوط بنانے، جدیدیت کے لئے مناسب اور بروقت تحفظ کو یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے تادیبی جرمانوں کے بہتر اطلاق کو یقینی بنانے کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
اعلیٰ عدالت نے کام سے متعلق 8 عام مقدمات بھی شائع کئے، جن میں بائیو میڈیسن، چپ، الگورتھم، ڈیٹا، لیتھیم بیٹریاں، قابل تجدید توانائی اور انٹرنیٹ جیسے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
