بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور ناروے کے انکے ہم منصب ایسپین بارتھ ایدے نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔
اپنے پیغام میں وانگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں نے کہا کہ 70 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے چین اور ناروے کے تعلقات زیادہ پختہ اور مستحکم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم جونس گاہر اسٹور نے چین کا کامیاب دورہ کیا تھا جس کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور اہم بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا اور مشترکہ طور پر ماحول دوست اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے پر اتفاق رائے کیاتھا۔
وانگ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، دونوں وزارت خارجہ کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنانے اور ماضی کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور چین ناروے تعلقات کے لئے ایک اور نئے اور شاندار 70 سالہ دروازے کھولنے کے لئے کام کرنے کوتیار ہیں۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے نے کہا کہ ناروے نئے چین کو تسلیم کرنے والے پہلے مغربی ممالک میں سے ایک ہے اور گزشتہ 70 سالوں میں دوطرفہ تعلقات نے بڑی پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ وہ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کریں، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اسٹور کے حالیہ دورہ چین کے دوران دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات کے اہم امور پر تعمیری بات چیت کی تھی۔
