ایتھوپیا کے شہر ادیس ابابا کے جنوب میں مشرقی صنعتی زون (ای آئی زیڈ) میں ہواجیان شو فیکٹری میں ایک انسپکٹر جوتوں کے معیار کی جانچ پڑتال کررہی ہے-(شِنہوا)
ادیس ابابا(شِنہوا)ایتھوپیا کی حکومت نے ملک میں سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کرنے پر چین کے ہواجیان گروپ کی تعریف کی ہے۔
یہ بیان ملک کے پیداواری شعبے کی نگرانی کرنے والی سرکاری کمپنی ایتھوپیا انڈسٹریل پارکس ڈویلپمنٹ کارپوریشن (آئی پی ڈی سی) کی جانب سے جاری کیا گیا۔ آئی پی ڈی سی کے حکام نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر چینی کمپنی کی تعریف کی جس سے ایتھوپیا کے ہزاروں شہری مستفید ہوئے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، علم اور مہارت کی منتقلی کے حوالے سے ہواجیان کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
آئی پی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق ہواجیان نے مشرقی افریقی ملک میں 15کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے ایتھوپیا کے 12 ہزار سے زیادہ باشندوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
آئی پی ڈی سی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر فصیحہ یتاگیسو نے ہواجیان ایتھوپیا کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران ملک میں سرمایہ کاری کے لئے کمپنی کی موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں کے متعلق ایتھوپیا کی حکومت کی مسلسل حمایت کو اجاگر کیا۔
کارپوریشن کے مطابق ملاقات کے دوران ہواجیان نے دیرے داوا آزاد تجارتی زون میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
چین کی جوتا ساز کمپنی ہواجیان نے 2011 میں ایتھوپیا میں اپنی سرمایہ کاری کا آغاز چینی سرمایہ کاری والے مشرقی صنعتی زون میں اپنی فیکٹری قائم کرکے کیا تھا۔ اس کے بعد اگست 2016 میں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا کے مضافات میں فرم کے صنعتی پارک میں دوسری ہواجیان فیکٹری قائم کی گئی۔
کمپنی کو اکثر چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے کامیاب نتائج کے طور پر سراہا جاتا ہے، جسے ایتھوپیا کی حکومت نے عالمی اہمیت کے ساتھ دور اندیشی قرار دیا ہے۔
