اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلیورپی کمیشن نے بلغاریہ کی 2026 میں یورو اپنانے کی منظوری دے...

یورپی کمیشن نے بلغاریہ کی 2026 میں یورو اپنانے کی منظوری دے دی

جرمنی کےشہر فرینکفرٹ میں یورو کانشان نصب ہے-(شِنہوا)

برسلز/صوفیہ(شِنہوا)یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ بلغاریہ یورو اپنانے کے معیار پر پورا اترتا ہے اور یکم جنوری 2026 سے یورو اپناکر یورو ایریا کا 21 واں رکن بننے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔

یہ نتائج کمیشن کی جائزہ رپورٹ 2025 میں بیان کئے گئے ہیں، جو بلغاریہ کی درخواست پر تیار کی گئی تھی۔ رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ ملک یورو اپنانے کے لئے درکار 4 ظاہری معاشی معیارات پورے کرتا ہے۔ اس جائزے میں وسیع تر اقتصادی اشاریے، جیسے مارکیٹ انضمام اور ادائیگیوں کا توازن بھی شامل تھا۔ یورپی مرکزی بینک (ای سی بی) کی ایسی ہی ایک متوازی رپورٹ نے ان نتائج کی تائید کی۔

نتیجتاً، یورپی کمیشن نے بلغاریہ کے لئے یورو کرنسی متعارف کرانے سے متعلق  کونسل کے فیصلے اور ضابطے کی تجویز دی ہے۔ اس حوالے سے یورپی یونین کی کونسل سے حتمی فیصلہ  یورو گروپ، یورپی کونسل، یورپی پارلیمنٹ اور ای سی بی سے مشاورت کے بعد جولائی کے پہلے 15 دنوں میں متوقع ہے ۔

کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیرلی یین نے کہا ہے کہ یہ اقدام بلغاریہ کو یورو اپنانے کے ایک قدم قریب لے آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رکنیت ملنے سے ملک کی معیشت تجارت، سرمایہ کاری اور مالی وسائل تک زیادہ رسائی کے ذریعے مضبوط ہوگی۔

بلغاریہ کے وزیراعظم روسن جیلیازکوف نے مثبت جائزے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے یورپی شراکت داروں کے ساتھ برسوں کی اصلاحات اور ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا۔ توقع ہے کہ وہ اس سلسلے میں ایک باضابطہ بیان دیں گے۔

دریں اثنا بلغاریہ میں عوامی رائے منقسم ہے۔ ریسرچ سنٹر ٹرینڈ کے حالیہ سروے کے مطابق صرف 21 فیصد لوگ 2026 میں یورو اپنانے کی حمایت کرتے ہیں جبکہ 33 فیصد افراد اس عمل کو موخر کرنے کے حق میں ہیں اور 38 فیصد مکمل طور پر اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ گزشتہ چند ہفتوں میں مظاہرے بھی ہوئے ہیں جن میں قومی کرنسی لیو کو برقرار رکھنے کے لئے ریفرنڈم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!