ترکیہ کے شہر استنبول میں 7 ممالک کے وزرائے خارجہ غزہ جنگ بندی کے حوالے سے ملاقات کر رہے ہیں-(شِنہوا)
استنبول(شِنہوا)7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور اس علاقے کے مستقبل کے منصوبے پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے استنبول میں ملاقات کی ہے جبکہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، قطر، پاکستان، سعودی عرب اور اردن کے اپنے ہم منصبوں کی میزبانی کی۔
فدان نے کہا کہ وزرائے خارجہ اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور تشدد کی نئی لہر کو روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام شرکاء اس بات پر متفق ہیں کہ ہم نہیں چاہتے کہ غزہ میں مظالم دوبارہ شروع ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ پائیدار امن کے لئے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزی کی اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں جس سے جنگ بندی پر عملدرآمد مشکل ہو گیا ہے۔
فدان نے کہا کہ ساتوں ممالک کا یکساں موقف ہے کہ فلسطین کو فلسطینیوں کے زیر انتظام اور ان کی حفاظت میں ہونا چاہیے۔
10 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں جن میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 200 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔




