غریب بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے چائنہ اسٹیٹ کنسٹرکشن کارپوریشن نے اسلام آباد میں آئی سی او ایس ایچ کو خوراک، تعلیمی و گھریلو سامان عطیہ کیاہے۔ یہ عطیہ عالمی یوم اطفال اور مرکز کی دوسری سالگرہ پر دیا گیاہے۔(شِنہوا)
اسلام آباد (شِنہوا) محمد شہاب اپنی بہن کے ساتھ اسلام آباد چائنہ-پاکستان یوتھ ون ہارٹ سٹیپ اینڈ کیور ہوم (آئی سی او ایس ایچ) میں رہا ئش پزیر ہے۔
یہ چینی عوام کی فراخدلانہ حمایت سے ممکن ہونے والی ایک ہمدردانہ پناہ گاہ ہے اور اسے ایک روشن مستقبل کا خواب دیکھنے کے لیے طاقت، سکون اور حوصلہ ملا ہے۔
شہاب ایک یتیم بچہ ہے جس کے کوئی رشتہ دار نہیں ہیں، اس کی والدہ بہادری سے منہ کے کینسر سے لڑتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوئیں ۔
اپنی وفات سے قبل ان کی والدہ نے ادارے پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری آئی سی او ایس ایچ کے سپرد کی جو اس مرکز پر ان کے اعتماد اورمحبت کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریباً ایک سال سے اس مرکز میں مقیم11 سالہ بچے نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ گھر ہمارے لیے سب کچھ ہے، پاکستانی عملہ ہمارے ساتھ مہربانی سے پیش آتا ہے اور ہماراخیال رکھتا ہے، چینی دوست ہر ہفتے ہماری خیریت دریافت کرنے آتے ہیں۔ وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمیں معیاری تعلیم، غذائیت سے بھرپور کھانا اور ایک محفوظ، پیار بھرا ماحول میسر ہے۔ آئی سی او ایس ایچ ایک گھر سے بھی زیادہ ہے، یہ ہماری حفاظت، ہماری امید اور ہمارا خاندان ہے ۔
بیجنگ ون ہارٹ اسفیئر چیریٹی فاؤنڈیشن اور چائنہ-پاکستان یوتھ ایکسچینج کمیونٹی (سی پی وائی ای سی) کے ذریعے 2023 میں قائم ہونے والے آئی سی او ایس ایچ کا آغاز دارالحکومت میں علاج کے خواہاں شدید بیمار پاکستانی مریضوں کی مدد کے مشن سے ہوا۔ آج یہ معذور اور شدید بیمار بچوں کے لیے عارضی پناہ گاہ اور شہاب سمیت 21 یتیم بچوں کے لیے مکمل رہائش گاہ بن چکا ہے۔
آئی سی او ایس ایچ کی پاکستانی ڈائریکٹر صوبیہ عدنان کے مطابق شہاب کی مرحومہ والدہ کئی ماہ تک اس ہمدرد گھر میں مقیم رہیں ۔ انہوں نے ملنے والی دیکھ بھال کو بہت سراہا اور مرکز کی انتظامیہ سے اپنی وفات کے بعد اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرنے کی درخواست کی ۔
صوبیہ نے کہا کہ وہ ایک شدید بیمار مریضہ تھیں جنہوں نے اپنے تجربے کی بنیاد پر اپنے بچوں کو ہمارے سپرد کیا،یہ لوگوں کے آئی سی او ایس ایچ پر گہرے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
