اوٹاوا (شِنہوا) کینیڈا کے محکمہ قدرتی وسائل نے بتایا ہے کہ کینیڈا اور گرین لینڈ نے اہم معدنیات اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے لئے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے ہیں۔
یہ اعلامیہ کینیڈا کے محکمہ قدرتی وسائل اور گرین لینڈ کی وزارت کاروبار، معدنی وسائل، توانائی، انصاف اور صنفی مساوات کے درمیان طے پایا۔
دونوں فریقوں نے کہا کہ یہ اقدام تعاون اور باہمی فائدے کے اصولوں پر مبنی ہے اور یہ پیش رفت دوطرفہ تعلقات میں مضبوطی کے بعد سامنے آئی ہے، جس کی علامت 6 فروری کو ڈنمارک کے خود مختار علاقے گرین لینڈ کے دارالحکومت نوک میں کینیڈا کے نئے قونصل خانے کا قیام ہے۔
یہ تعاون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 2025 کے اوائل میں وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا یہ تجویز دی ہے کہ امریکہ کو گرین لینڈ حاصل کر لینا چاہیے، حتیٰ کہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جزیرے کو حاصل کرنے کے لئے فوجی طاقت کے استعمال کو مسترد نہیں کرتے۔ کینیڈا نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔




