امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے پاکستان سمیت 75ممالک کیلئے امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کرنے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
شہری حقوق کی تنظیموں کے ایک گروپ نے نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں امریکی محکمہ خارجہ کیخلاف مقدمہ دائر کیا ہے جس میں درخواست گزاروں نے موقف اپنایا ہے کہ یہ پالیسی امریکا کے امیگریشن قانون کی دہائیوں پر محیط مستحکم بنیاد کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
مقدمے میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ویزہ پالیسی کو فوری طور پر روکا جائے اور اسکو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کرنے کا فیصلہ 21جنوری سے نافذ العمل ہے۔
جن ممالک کے شہری اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں ان میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، البانیہ، الجزائر، آرمینیا، آذربائیجان، بنگلادیش، بیلاروس، بھوٹان، بوسنیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔




