غزہ میں اسرائیلی فوجی دستے زمینی کارروائیاں کررہے ہیں-(شِنہوا)
غزہ(شِنہوا)جنوبی غزہ میں ایک انسانی امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 31 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کے محکمہ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں امداد تقسیم کرنے کے مرکز پر صبح کے وقت اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے کم از کم 31 افراد شہید اور درجنوں شدید زخمی ہوگئے، جہاں لوگ امداد حاصل کرنے کے لئے جمع ہو رہے تھے۔
غزہ میں میڈیکل ریلیف آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر محمد ابو آفاش نے کہا کہ زیادہ تر زخمیوں کو جسم کے اوپر کے حصے میں زخم آئے ہیں اور زخموں کی شدت کی وجہ سے شہادتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث ایمبولینسوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ ہزاروں افراد صبح سویرے امدادی مرکز پہنچے تھے کہ فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
حماس کے زیر انتظام غزہ حکومت کے میڈیا دفتر نے ایک پریس بیان میں واقعہ کو اسرائیل کی طرف سے امداد تقسیم کرنے کے مقامات کو بار بار نشانہ بنانے کے سلسلے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ ایک امریکی-اسرائیلی کمپنی کے اشتراک سے اسرائیلی افواج کی نگرانی میں تھا۔
اسرائیل نے 18 مارچ کو حماس کے ساتھ دو ماہ کی جنگ بندی کے بعد غزہ پر دوبارہ حملے شروع کئے۔ غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق اس کے بعد سے 4 ہزار 149 فلسطینی شہید اور 12 ہزار 149 زخمی ہو چکے ہیں۔
