بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چین بھارت کے ساتھ مل کرسفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مثبت ترقی کو آگے بڑھانے کی خاطر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی صدر شی جن پھنگ اور بھارتی صدر دروپدی مرمو نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔ چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔
ایک متعلقہ سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا کہ چین اور بھارت دونوں قدیم تہذیبیں ہیں، بڑے ترقی پذیر ممالک ہیں اور عالمی جنوب کے اہم رکن ہیں اور دونوں اس وقت جدیدیت کے ایک اہم مرحلے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کی تاریخی پیشرفت یہ ظاہر کرتی ہے کہ باہمی کامیابی کے شراکت دار بننا اور ڈریگن اور ہاتھی کا تعاون ایک درست انتخاب ہے جو دونوں فریقین کے بنیادی مفادات اور دونوں قوموں کے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔
گو نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی کے تحت چین بھارت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو تزویراتی اور طویل مدتی نقطہ نظر سے دیکھنے اور سنبھالنے کی خاطر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور اس 75ویں سالگرہ کے موقع کو چین-بھارت تعلقات کو مثبت اور مستحکم ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کے موقع کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
