چین کے شمالی شہر تیانجن کے ضلع حہ پھنگ میں شہری تیز ہواؤں کے دوران سڑک پار کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں کمی کے پیش نظر سردی کی لہر کے لئے زرد انتباہ برقرار رکھاہے۔
قومی موسمیاتی مرکز (این ایم سی) نے متنبہ کیا ہے کہ منگل تک چین کے وسطی اور مشرقی علاقوں کے ساتھ ساتھ چھنگ ہائی۔ تبت سطح مرتفع کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں 6 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی کا امکان ہے۔
این ایم سی نے عوام کو گرم مقامات پر رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے فصلوں اور آبی حیات کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
مرکز نے شدید دھند کے لئے بھی زرد انتباہ کی تجدید کی ہے، جس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ بحیرہ بوہائی، بحیرہ زرد اور مشرقی بحیرہ چین سمیت کچھ علاقوں میں حد نگاہ ایک کلومیٹر سے بھی کم ہوجائے گی جبکہ چین کے شمال مشرقی اور کچھ مشرقی ساحلی علاقوں میں حد نگاہ 500 میٹر سے بھی کم ہوسکتی ہے۔
ڈرائیوروں کو محفوظ رفتار برقرار رکھنے جبکہ ہوائی اڈوں، فری ویز اور بندرگاہوں کو مناسب حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
چین میں شدید موسم کے لئے 4 سطح کے رنگ کا انتباہی نظام موجود ہے، جس میں سرخ رنگ سب سے زیادہ سنگین ہے، اس کے بعد نارنجی، زرد اور نیلے رنگ کا نمبر آتا ہے۔
