اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ترنول جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر سیاست مکمل نہیں، ہم آئین وقانون کی بالادستی کیلئے کوشاں ہیں، کمشنر کو این او سی معطل کرنے کا ختیار نہیں، عدالت سے یوم عاشور کے بعد جلسے کی اجازت دینے کی درخواست کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ترنول جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ترنول میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم کے تحت ہونے والے جلسے کو ملتوی کردیا گیا ہے، اب عدالت سے درخواست کریں گے کہ یوم عاشور کے بعد ہمیں جلسے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد ڈی سی کی جانب سے جلسے کا نوٹیفکیشن دیاگیا تھا ، کمشنر کے پاس اسے معطل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس خط کو بنیاد بنا کر نوٹیفکیشن معطل کیا گیا اسے ہائیکورٹ میں پیش کیا جانا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج جلسے کیلئے پورا ملک اور ہمارے ورکرز بے تاب ہیں، ہم ہائیکورٹ اس لئے آئے ہیں کہ آئین و قانون کے مطابق جلسہ کریں تاہم ججز کی عدم موجودگی کے باعث آج سماعت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر سیاست مکمل نہیں، ہم سب آئین وقانون کی بالادستی کیلئے کوشش کررہے ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماء شعیب شاہین نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا بنیادی حق ہے اور ہم کریں گے، انتظامیہ نے پہلے روات میں جلسے کی اجازت دی ،رٹ پٹیشن فائل کی تو ترنول میں اجازت ملی، کل انہوں نے اچانک ہمارے جلسے کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کل جلسے کی جگہ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے ،وہاں جلسے کا سماں تھا ،ہمارے بھی ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔
