اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستانی قیادت اور حکام نے کراچی میں چینی باشندوں کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی ملک دشمن عناصر کی طرف سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں رخنہ ڈالنے کی مذموم کوشش ہے۔
چینی باشندوں کی ہلاکت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حملے کے مجرموں کے خلاف سخت اورموثر کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چینی باشندوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزارت خارجہ نے بھی ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ چینی باشندوں پر حملہ نہ صرف پاکستان بلکہ چین اور پاکستان کی دوستی پر حملہ ہے۔ وزارت خارجہ نے بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے حملے کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کوگرفتار کرنے میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھیں گے۔
پاکستان کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی چینی باشندوں پر حملے کی سخت مذمت کی ہے اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
حملے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں چینی قونصل خانے کا دورہ کیا اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
