لندن/واشنگٹن : غزہ میں اسرائیلی بربریت و جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر دنیا بھر لاکھوں افراد نے مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ اور لبنان پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیل بربریت کا ایک سال مکمل ہونے پر یورپ، افریقہ، آسٹریلیا، امریکہ، لندن، جرمنی،اٹلی، انڈونیشیا، سپین، وینز ویلا اورپاکستان سمیت دیگر ممالک میں اسرائیل کیخلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
مظاہرین نے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں ایک ہزار سے زائد مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے اسرائیل کو ہتھیاروں اور امداد کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا، احتجاج کے دوران ایک شخص نے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی اور اپنے بائیں بازو کو جلا لیا، اس موقع پر موجود دیگر افراد اور پولیس افسران نے شخص کو قابو کر کے آگ بجھا دی یورپ اور افریقہ کے مختلف شہروں میں بھی ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور غزہ میں تنازع کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں فلسطینیوں کے حق میں ہونیوالامظاہرہ پرتشدد ہوگیا، مظاہرین نے’اسرائیل مجرم ریاست ہے‘ کے نعرے لگاتے ہوئے پولیس پر بوتلیں اور پٹاخے پھینکے جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیاگیا۔
جرمنی کے دارالحکومت میں فلسطینیوں کے حق میں ہونیوالے احتجاج میں ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، لندن میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے ’شہریوں پر بمباری بند کرو‘ کے نعرے لگائے، پولیس نے مظاہرہ کرنے پر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ فرانس کے شہروں پیرس، لیون، ٹولوز، بورڈو اور اسٹراسبرگ میں بھی احتجاج کیاگیا۔
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ہزاروں افراد نے احتجاج میں شرکت کی، مظاہرین نے ’بائیکاٹ اسرائیل‘ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں ہزاروں مظاہرین نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر بڑا فلسطینی پرچم اٹھائے احتجاج کیااور اقوام متحدہ کو بھیجی گئی پٹیشن میں فلسطینیوں کی ’نسل کشی‘ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
انڈونیشیا میں بھی ہزاروں افراد نے امریکی سفارتخانے کے باہر ریلی نکالی،آسٹریلیا میں سڈنی سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیاگیا۔
ادھر پاکستان کے بھی مختلف شہروں میں شہریوں اور مختلف سیاسی جماعتوں نے فلسطینیوں کے حق اور اسرائیل مظالم کیخلاف احتجاج کیا اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی طاقتوں سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ ولبنان پر جاری اسرائیلی ظلم وبربریت ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔
